نیپرا کا نقصان کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم، کےالیکٹرک نے کیا کہا؟ | Urdu News
نیپرا کا نقصان کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم، کےالیکٹرک نے کیا کہا؟
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے نقصانات کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حکم پر کےالیکٹرک کا مؤقف آگیا۔
اس معاملے پر کے-الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ کے-الیکٹرک نے نیپرا اتھارٹی کے حکم کا نوٹس لے لیا ہے اور اس کے مندرجات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور کمپنی مقررہ مدت کے اندر اپنا جواب جمع کرائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کے-الیکٹرک اس معاملے پر متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
نیپرا
نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق کے الیکٹرک کو غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری روکنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اے ٹی سی نقصانات کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کرنے کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔
نیپرا نے کہا کہ زیادہ نقصانات والے فیڈڑز پر بل ادا کرنے والے صارفین کی بجلی بند نہیں کی جاسکتی، باقاعدگی سے بل ادا کرنے والوں کو دوسروں کی کوتاہیوں کی سزا نہیں دی جاسکتی۔
کے الیکٹرک کو بجلی چوری نقصانات کے خلاف متبادل اقدامات کا حکم دیا گیا ہے اور کہا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث افراد کے انفرادی کنکشن منقطع کیے جائیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جرمانے کے باوجود کے الیکٹرک نے اپنے آپریشنل طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
نیپرا کا مزید کہنا ہے کہ کمرشل اور تکنیکی نقصانات میں کمی کے لیے اے بی سی کیبلز نصب کی جائیں اور اس کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے۔
Post a Comment