سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز روکنے کا سندھ ہائیکورٹ کا حکم معطل | Urdu News
سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز روکنے کا سندھ ہائیکورٹ کا حکم معطل
کراچی : وفاقی آئینی عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز روکنے کا سندھ ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کی اپیل پر سندھ ہائیکورٹ کے اہم عبوری احکامات معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
عدالت نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے خلاف انکوائری، امتحانات میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز روکنے اور ناکام امیدواروں کے امتحانی پرچے دوبارہ چیک کرنے کے سندھ ہائیکورٹ کے احکامات بھی معطل کئے۔
سماعت کے دوران جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ سندھ ہائیکورٹ نے عبوری حکم میں ہی حتمی ریلیف دے دیا، جبکہ کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے مطابق درخواست میں کی گئی استدعا سے بڑھ کر فیصلہ نہیں دیا جا سکتا۔
دوسری جانب امیدواروں کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن میں کرپشن اور اقربا پروری کے الزامات موجود ہیں اور ماضی میں سندھ ہائیکورٹ کمیشن کو ختم کرنے کا حکم بھی دے چکی ہے، تاہم بعد میں نئے قواعد بنا کر اسے دوبارہ فعال کیا گیا۔
وفاقی آئینی عدالت نے مزید سماعت گرمیوں کی عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔
Comments
Post a Comment