پنشن میں اضافہ ! ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خبر | Urdu News
پنشن میں اضافہ ! ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خبر
اسلام آباد : سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ، فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے لیے پنشن میں 7 فیصد اضافے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم (نوٹیفکیشن) کے مطابق، پنشن میں اس ترمیم شدہ اضافے کا نفاذ یکم جولائی 2026 سے ہوگیا۔
وزارتِ خزانہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اس فیصلے کا اطلاق تمام وفاق کے سول پنشنرز بشمول ان پنشنرز پر ہوگا جن کی پنشن ‘ڈیفنس ایسٹیمیٹس’ سے ادا کی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ مسلح افواج اور سول ارمڈ فورسز کے ریٹائرڈ اہلکار بھی اس اضافے کے حقدار ہوں گے، یہ اضافہ ان ملازمین پر بھی لاگو ہوگا جو یکم جولائی 2026 کو یا اس کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔
حکومتی نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پنشن میں 7 فیصد کا یہ اضافہ مختلف کیٹیگریز بشمول متعلقہ اسکیموں کے تحت ملنے والی ‘فیملی پنشن’ پر بھی لاگو ہوگا۔
مزید برآں، یہ اضافہ غیر معمولی پنشن کی دفعات اور ہمدردانہ الاؤنسز پر بھی نافذ العمل ہوگا۔
حکومت نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی پنشن کی ادائیگی موجودہ مالیاتی قوانین کے تحت وفاقی حکومت اور کسی دوسرے سرکاری ادارے کے درمیان مشترک ہے، تو اس اضافی رقم کا بوجھ بھی دونوں حکام اپنے اپنے طے شدہ حصے کے مطابق برداشت کریں گے۔
تاہم، نوٹیفکیشن کے مطابق کچھ مخصوص اضافی پنشن فوائد پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا، جیسے کہ ریٹائرمنٹ سے قبل ملنے والے آرڈرلی الاؤنس یا ڈرائیور و آرڈرلی کی سہولیات کے بدلے ملنے والی مانیٹرائزڈ ویلیو۔
وزارتِ خزانہ کے اس نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی پنشنرز کے لیے اس ایڈجسٹمنٹ کا باضابطہ منظوری کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
Comments
Post a Comment