ریلوے پنشنرز کا ’پروف آف لائف‘سرٹیفکیٹ کیوں نہیں بن رہا؟ | Urdu News - Urdu news: latest,fast

ریلوے پنشنرز کا ’پروف آف لائف‘سرٹیفکیٹ کیوں نہیں بن رہا؟ | Urdu News

اشتہار

ریلوے پنشنرز کا ’پروف آف لائف‘سرٹیفکیٹ کیوں نہیں بن رہا؟

کراچی : ریلوے پنشنرز کا ’پروف آف لائف‘سرٹیفکیٹ کیوں نہیں بن رہا؟ اور انہیں یہ سہولت کب سے دستیاب ہوگی، ترجمان نادرا نے وجہ بتادی۔

پاکستان ریلوے کے پنشنرز کو ’پروف آف لائف‘ سرٹیفکیٹ بنوانے میں درپیش مشکلات کے حوالے سے نادرا نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے کی بنیادی وجہ پاکستان ریلوے ہی بتا سکتی ہے، تاہم پنشنرز کو ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنے کے لیے نادرا نے اپنا ٹیکنالوجیکل پلیٹ فارم تیار کرلیا ہے۔

اس حوالے سے ایک پوڈ کاسٹ میں نادرا ترجمان سید شباہت علی نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف اداروں کے پنشنرز کو ’پروف آف لائف‘ سرٹیفکیٹ کے لیے ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ جاری ہے، تاہم پاکستان ریلوے کے پنشنرز کی بڑی تعداد کے باعث ریلوے کو بھی اس منصوبے کا حصہ بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا کی جانب سے اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ اب پاکستان ریلوے کی جانب سے حتمی منظوری کا انتظار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نادرا اور پاکستان ریلوے کو اس منصوبے پر مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا، جس کے بعد ہی ریلوے پنشنرز کو اس ڈیجیٹل سہولت میں شامل کیا جاسکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی پاکستان ریلوے کی جانب سے منصوبے کو آگے بڑھانے کی منظوری ملتی ہے، ریلوے کے پنشنرز کو بھی جلد از جلد ’پروف آف لائف‘ کے ڈیجیٹل نظام میں شامل کرلیا جائے گا۔

حکام کے مطابق نادرا نے اپنی جانب سے ضروری تکنیکی انتظامات مکمل کرلیے ہیں اور اب اس سہولت کے عملی آغاز کے لیے دونوں اداروں کے درمیان رابطہ اور مشترکہ کوششیں درکار ہیں۔




Source

No comments

Powered by Blogger.