ویڈیو : نیٹ فلکس کی نئی ڈرامائی فلم نے آتے ہی تہلکہ مچا دیا | Urdu News
ویڈیو : نیٹ فلکس کی نئی ڈرامائی فلم نے آتے ہی تہلکہ مچا دیا
نیٹ فلکس کی نئی کرائم ڈراما فلم ’یونابومبر‘ ’UNABOMBER‘ ریلیز کے صرف ایک دن بعد دنیا بھر میں توجہ حاصل کرتے ہوئے عالمی فلم رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی۔
مذکورہ فلم 25 ستمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تھی، فلم کی کاسٹ میں رسل کرو، جیکب ٹریمبلے اور شیلین ووڈلی سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
نیٹ فلکس فلم کی کہانی ہارورڈ کے ایک ذہین طالب علم کرد گھومتی ہے کہ وہ ’یونابومبر‘؟ کیسے بنا؟ فلم میں امریکی تاریخ کے بدنام زمانہ دہشت گرد ٹیڈ کازنسکی کی زندگی اور اس کے جرائم، ہارورڈ میں اس کے دور اور بالآخر اس تک پہنچنے والی تحقیقات کے مناظر کو تفصیل سے عکسبند کیا گیا ہے۔
فلکس پیٹرول کے مطابق فلم نے اب تک امریکا، برطانیہ، اٹلی، آسٹریلیا، کینیڈا اور جرمنی سمیت متعدد ممالک میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
فلم کا آغاز ایک دھماکے سے ہوتا ہے لیکن کہانی اس دھماکے سے کہیں پہلے شروع ہوچکی ہوتی ہے۔ 1958میں، جب کازنسکی ابھی بچہ تھا اور ہارورڈ یونیورسٹی میں تعلیم کے پہلے سال میں داخل ہوا، کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ آنے والے برسوں میں یہی نوجوان امریکا میں خوف کی ایک طویل فضا پیدا کرنے والا شخص بن جائے گا۔
فلم میں نوجوان ٹیڈ کا کردار جیکب ٹریمبلے نے ادا کیا ہے، ہارورڈ میں تعلیم کے دوران اس کی زندگی میں پروفیسر ہنری مرے ایک اہم شخصیت کے طور پر سامنے آتے ہیں، جن کا کردار رسل کرو نے ادا کیا ہے۔
فلم کے اسکرپٹ رائٹرز اور ایگزیکٹو پروڈیوسرز سام چالسن اور نیلسن گریوز نے کازنسکی کے ہارورڈ کے دور کو کہانی کی بنیاد بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دونوں اسکرپٹ رائٹرز نے کہانی کو دو مختلف ادوار میں تقسیم کیا ہے، ایک سلسلہ کازنسکی کی شخصیت، اس کے خیالات اور ان عوامل کا جائزہ لیتا ہے جو وقت کے ساتھ اس کے نظریات کی تشکیل کا باعث بنے، جبکہ دوسرا حصہ ایف بی آئی کی اس ٹیم کی کارروائیوں کو دکھاتا ہے جو برسوں تک اس کی تلاش میں رہی۔
ٹیڈ کازنسکی کون تھا؟
ماہرین کے مطابق ٹیڈ کازنسکی اس لحاظ سے غیر معمولی تھا کہ وہ ابتدائی عمر میں ایک ذہین اور متوازن بچے کے طور پر سامنے آیا۔
اسکول میں لیے گئے آئی کیو ٹیسٹ میں اس نے 167 نمبرز حاصل کیے، جو کہ غیر معمولی ذہانت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
کازنسکی نے یونیورسٹی آف مشی گن سے ریاضی میں پی ایچ ڈی کی، بعد میں وہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے میں ریاضی پڑھانے لگا اور وہاں کا کم عمر ترین اسسٹنٹ پروفیسر بنا۔
وہاں ساتھیوں کے ساتھ اس کے تعلقات اچھے نہ رہے اور اس نے برکلے کی ملازمت چھوڑ دی اور مونٹانا کے جنگلات میں ایک چھوٹے سے کیبن میں رہنے لگا، جہاں نہ بجلی تھی اور نہ پانی۔
فلم ’یونابومبر‘ کے فلم سازوں نے کازنسکی کی زندگی کے مختلف مراحل، اس کے خیالات اور ایف بی آئی کی جانب سے اس کی تلاش کو کہانی کا حصہ بنایا ہے۔
فلم کی کہانی 1996 میں ایف بی آئی کی جانب سے کازنسکی تک پہنچنے کی کوششوں کو بھی نمایاں کرتی ہے۔ تقریباً دو دہائیوں تک جاری رہنے والی میل بم مہم کے دوران امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے اس شخص کی تلاش میں سرگرداں رہے جو اپنے جرائم کے باعث ’یونابومبر‘ کے نام سے مشہور ہوگیا تھا۔
یوں ’UNABOMBER‘ محض ایک مجرمانہ داستان نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کی زندگی کے مختلف مراحل کو جوڑنے کی کوشش کرتی ہے جو غیر معمولی ذہانت کے ساتھ ہارورڈ پہنچا، پھر اس کی زندگی ایسے راستے پر آگے بڑھی جس نے اسے امریکی تاریخ کے سب سے بڑے طویل مدتی ایف بی آئی تعاقب کا مرکز بنا دیا۔
نیٹ فلکس کی کرائم تھرلر دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم بن گئی!
Post a Comment