وزیر اعلیٰ سندھ کا احسن آباد میں گھر سے 5 لاشیں ملنے کا نوٹس، آئی جی سے رپورٹ طلب | Urdu News
وزیر اعلیٰ سندھ کا احسن آباد میں گھر سے 5 لاشیں ملنے کا نوٹس، آئی جی سے رپورٹ طلب
کراچی (20 ستمبر 2026): وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے احسن آباد میں گھر سے 5 لاشیں ملنے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جاوید عالم اوڈھو سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں آئی جی کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے، مجرم کو کٹہرے میں پہنچایا جائے اور سخت کارروائی کی جائے۔
جاوید عالم اوڈھو کے مطابق کراچی میں گھر سے میاں، بیوی اور 3 بچوں کی لاشیں ملی ہیں، پانچوں افراد کی لاشیں کئی روز پرانی ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب، پولیس نے پانچوں افراد کی میتیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیں۔
پولیس حکام نے کہا کہ تمام افراد کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جس کی رپورٹ میں وجہ موت سامنے آ سکے گی۔
واقعے کا پس منظر
آج احسن آباد میں ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملیں۔ پولیس نے بتایا کہ لاشیں ڈاکٹر، اس کی اہلیہ اور تین بچوں کی ہیں، متوفی ڈاکٹر عمر احسن آباد کے اسپتال میں ملازمت کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق لاشیں کئی روز پرانی لگتی ہیں اور موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔
کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کر لیا گیا اور کرائم سین کا جائزہ لینے سمیت شواہد اکٹھا کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ
دریں اثنا، ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ بھی احسن آباد کرائم سین پر پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ مددگار 15 پر پڑوسیوں نے اطلاع دی اور پولیس نے آکر فلیٹ کا دروازہ توڑا۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ میاں بیوی اور تینوں بچوں کی لاشیں ایک ہی کمرے میں تھیں، ڈاکٹر عمر کا ایک بھائی پنجاب میں رہائش پذیر ہے، جو لاتعلقی کا اظہار کر رہا ہے۔
زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ تینوں بچوں کی عمر 10 سال سے کم ہے، کرائم سین یونٹ شواہد اکٹھے کر رہا ہے، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، پوسٹ مارٹم کے بعد ہی وجہ موت سامنے آ سکے گی۔
Post a Comment