فیفا ورلڈ کپ 1978 : ارجنٹینا کی پہلی فتح میں پاکستان کا کیا کردار تھا؟ | Urdu News

اشتہار

فیفا ورلڈ کپ 1978 : ارجنٹینا کی پہلی فتح میں پاکستان کا کیا کردار تھا؟

کراچی: 1978 کے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی ٹیم کو پہلی عالمی فٹبال چیمپئن کے طور پر تاریخ میں یاد رکھا جاتا ہے، تاہم اس کامیابی سے جڑی ایک دلچسپ روایت پاکستان کے ہاکی کوچ وحید خان کے نام سے بھی منسوب کی جاتی ہے۔

کھیلوں کے حلقوں میں مشہور اس روایت کے مطابق 1978 میں ارجنٹینا نے نہ صرف فیفا فٹبال ورلڈ کپ بلکہ ہاکی ورلڈ کپ کی میزبانی بھی کی۔

اسی سال مارچ میں منعقد ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی جارحانہ حکمتِ عملی اور برق رفتار انداز سے دنیا بھر کی توجہ حاصل کی۔

روایت کے مطابق ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم کے کوچ سیزر لوئس مینوتی پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کھیل اور اس کی حکمتِ عملی سے بے حد متاثر ہوئے۔

بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے تربیتی سیشنز اور میچز کا بغور مشاہدہ کیا اور بعد ازاں پاکستانی کوچ وحید خان سے ملاقات کر کے جارحانہ کھیل، ونگز کے مؤثر استعمال، مڈ فیلڈ کی تنظیم اور دفاعی لائن کو توڑنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

چند ماہ بعد 25 جون 1978 کو ارجنٹینا نے فائنل میں نیدرلینڈز کو شکست دے کر اپنی تاریخ کا پہلا فیفا ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا۔

اس کامیابی کے بعد ایک اور دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا جاتا ہے،روایت کے مطابق کوچ سیزر لوئس مینوتی نے کراچی میں موجود وحید خان کو ایک ٹیلی گرام بھیجا، جس میں انہوں نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ پاکستانی کوچ کی دی گئی تجاویز ان کی ٹیم کے لیے بے حد مفید ثابت ہوئیں۔

وحید خان کا تعلق بھارتی شہر بھوپال سے تھا، قیامِ پاکستان کے بعد 1949 میں وہ پاکستان منتقل ہوئے اور کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں سکونت اختیار کی۔

بعد ازاں انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم کی کوچنگ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات انجام دیں۔

اگرچہ اس روایت کی مکمل تاریخی تصدیق تمام سرکاری ریکارڈز سے نہیں ہوتی، تاہم کھیلوں کی دنیا میں یہ واقعہ آج بھی پاکستان اور ارجنٹینا کے درمیان ایک دلچسپ اور یادگار تعلق کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔




Source

Comments

Popular posts from this blog

دہلی میں 19 دن سے جاری بھوک ہڑتال کے بعد سونم وانگچک کی حالت تشویشناک | Urdu News