میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی، ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں | Urdu News
میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی، ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ابتدائی رپورٹ سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم کو تمام 14 پوائنٹس کے جوابات مل گئے ہیں۔
ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے، 8 رکنی میڈیکل بورڈ کی جانب سے رپورٹ تیار کی جارہی ہے جبکہ قبر کشائی کے دوران 17 سیمپلز کو محفوظ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل پولیس کو میر رضا علی کیس کی تفتیش کے دوران ایک بڑا بریک تھرو ملا تھا جس میں مقتول کے والد میر حسین کی ایک اہم آڈیو ریکارڈنگ تفتیشی حکام کو ملی تھی۔
Mir Raza Ali case- Latest News and Updates
تفتیش کے دوران سامنے آنے والی اس آڈیو میں میر رضا کے والد میر حسین کو ‘نور’ نامی شخص سے اپنے قرض کی ادائیگی اور شہر چھوڑنے سے متعلق گفتگو کررہے ہیں۔
آڈیو میں میر حسین نور نامی شخص کو بتا رہے ہیں کہ "کراچی میں اب میرا کوئی کام یا گھر نہیں رہا، میں اسلام آباد آگیا ہوں اور مجھے یہاں سیلز کی جاب مل گئی ہے جس کا پیکج کافی اچھا ہے۔”
میر حسین نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ "میں اب اسلام آباد میں ہی رہوں گا اور پیسوں کا بندوبست کر رہا ہوں، اگر مجھے پیسے نہ دینے ہوتے تو میں آپ سے رابطہ ہی کیوں کرتا؟ میں نے جن کے پیسے دینے ہیں، وہ جلد ادا کر دوں گا۔”
پولیس اس آڈیو اور دیگر شواہد کی روشنی میں تمام زاویوں سے تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز ایک شخص نے پولیس کو میر رضا کی آڈیو فراہم کی تھی، آڈیو میسج میں میر رضا مالی معاملات اور ادائیگیوں کا ذکر کر رہے تھے۔
آڈیو میں میر نے رقوم کی ادائیگی سے متعلق تجاویز دیتے ہوئے کہا دس، دس لاکھ روپے کے تین چیک لے لیں تاہم تفتیشی حکام آڈیو میسج کو شواہد کے طور پر جانچ رہے ہیں۔
Comments
Post a Comment