امریکی کرکٹر پر 8 سال کی پابندی عائد | Urdu News
امریکی کرکٹر پر 8 سال کی پابندی عائد
دبئی(3 جولائی 2026): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہونے پر امریکا کے انٹرنیشنل کرکٹر بودوگم اخیلیش ریڈی پر کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے 8 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 26 سالہ اسپنر بودوگم اخیلیش ریڈی کو گزشتہ سال نومبر سے معطل کیا گیا تھا، جنہوں نے ابوظبی ٹی ٹین لیگ 2025 کے دوران آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی تین مرتبہ سنگین خلاف ورزیاں کی تھیں۔
ٹریبونل کی جانب سے کھلاڑی کو جن الزامات کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے ان میں میچز کے نتائج یا دیگر امور کو فکس کرنے یا غیر مناسب طریقے سے متاثر کرنے کی کوشش، کسی دوسرے کھلاڑی کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کے لیے اکسانا، اور تحقیقاتی ٹیم کو دھوکہ دینے یا رکاوٹ ڈالنے کی غرض سے اپنے موبائل فون سے متعلقہ ڈیٹا اور پیغامات کو ڈیلیٹ کرنا شامل ہے۔
آئی سی سی کے مطابق بودوگم اخیلیش ریڈی پر عائد کی جانے والی یہ پابندی 21 نومبر 2025 (جب انہیں عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا) سے نافذ العمل ہوگی۔
واضح رہے کہ اس کھلاڑی نے اپریل 2025 میں نارتھ امریکن ٹی ٹین کپ کے دوران امریکا کی جانب سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ قومی ٹیم کی جانب سے چار میچوں میں شرکت کر چکے ہیں۔
Comments
Post a Comment