آزاد کشمیر انتخابات : تیسرے مرحلے کے 4 حلقوں کی ووٹنگ آج ہوگی | Urdu News
آزاد کشمیر انتخابات : تیسرے مرحلے کے 4 حلقوں کی ووٹنگ آج ہوگی
مظفرآباد (10 اگست 2026): آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں آج ووٹ ڈالے جائیں گے۔
انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے بعد تیسرے مرحلے کے لیے 4 اضلاع کے 7 حلقوں میں پولنگ ہونا تھی، تاہم نئے شیڈول کے تحت باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں انتخابات کرائے جارہے ہیں، جبکہ پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں پولنگ مؤخر کردی گئی ہے۔
تیسرے مرحلے کے انتخابات سیاسی اعتبار سے بھی خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ باغ اور حویلی کے حلقوں میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، آئی پی پی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی، جہاں مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔ اس مرحلے میں مسلم لیگ ن نے 15 اور پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں جیتیں۔
یوں 45 رکنی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اب تک مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ تیسرے مرحلے کے نتائج کے بعد اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشن مزید واضح ہوجائے گی۔
Comments
Post a Comment