بدنام زمانہ قاتل کی 30 سالہ دہشت کی ہولناک داستان : سیزن 3 | Urdu News
بدنام زمانہ قاتل کی 30 سالہ دہشت کی ہولناک داستان : سیزن 3
لاس اینجلس : دنیا کے بدنام ترین سیریل کلرز میں شمار ہونے والے ڈینس ریڈر عرف بی ٹی کے ( بائنڈ، ٹارچر، کِل) کی 30 سالہ دہشت اور دہری زندگی پر مبنی دستاویزی پروگرام نے جرائم اور سنسنی خیز واقعات میں دلچسپی رکھنے والے ناظرین کی توجہ حاصل کرلی۔
کرائم ڈاکیومنٹری سیریز "World’s Most Evil Killers” کا سیزن 3 دنیا کے بدنام ترین اور ہولناک ترین سیریل کلرز (قاتلوں) کی زندگیوں اور ان کے جرائم پر مبنی ہے۔
اس سیزن میں کرمنالوجسٹ، فرانزک ماہرین اور سراغ رساں ان مجرموں کی نفسیات اور ان کو پکڑنے کی کہانیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہیں۔
سیزن تھری کی 16ویں قسط میں ڈینس ریڈر کی زندگی، جرائم، پولیس کو چیلنج کرنے کی کوششوں اور بالآخر 2005 میں گرفتاری تک ہونے والی تحقیقات کو موضوع بنایا گیا ہے۔
دستاویزی پروگرام کے مطابق ریاست کینساس کے شہر وچیٹا کے رہائشی ڈینس ریڈر نے تین دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنی شناخت چھپائے رکھی۔
وہ بظاہر ایک عام شہری کی زندگی گزار رہا تھا اور مقامی کمیونٹی میں بھی فعال کردار ادا کرتا تھا، وہ چرچ کا صدر اور اسکاؤٹ لیڈر رہ چکا تھا جبکہ اس کی ذاتی زندگی میں وہ ایک شوہر اور خاندان کا فرد بھی تھا۔
تاہم اس بظاہر پرسکون شخصیت کے پیچھے ایک خطرناک مجرم موجود تھا، جس نے خود کو بی ٹی کے کا نام دیا۔ یہ نام اس کے جرائم کے طریقہ کار کے انگریزی الفاظ Bind, Torture, Kill سے اخذ کیا گیا تھا۔ BTK” کا مطلب Bind, Torture, Kill (باندھنا، تشدد کرنا اور قتل کرنا) ہے، جو اس کا طریقہ واردات تھا۔
پروگرام میں بتایا گیا ہے کہ ریڈر نے اپنے جرائم کے ساتھ ساتھ میڈیا اور پولیس کو پیغامات بھی بھیجے اور اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے تک چیلنج کرتا رہا۔
ڈینس ریڈر کی گرفتاری میں ایک اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب اس نے پولیس کو ایک فلاپی ڈسک بھیجی۔ تفتیش کاروں نے جدید فرانزک اور ٹیکنالوجی کی مدد سے اس ڈیجیٹل مواد کا سراغ لگایا، جس کے نتیجے میں بالآخر ریڈر قانون کی گرفت میں آگیا۔
دستاویزی رپورٹ میں اس کیس سے متعلق نئے دستاویزات، شواہد اور معلومات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پروگرام کے تیار کنندگان کے مطابق اس میں کیس کی طویل تحقیقات، متاثرہ خاندانوں اور تفتیش کاروں کے تجربات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
بی ٹی کے کیس پر کئی کتابیں، دستاویزی پروگرام اور دیگر جرائم پر مبنی مواد پہلے بھی سامنے آچکا ہے، تاہم ڈینس ریڈر کی بظاہر عام سماجی زندگی اور اس کے پوشیدہ مجرمانہ کردار کے تضاد نے اس کیس کو جرائم کی تاریخ کے نمایاں ترین کیسز میں شامل کر دیا ہے۔
خطرناک قاتل ’بی ٹی کے‘ جس کا اصل نام ڈینس ریڈر ہے، امریکی تاریخ کا ایک بدنام زمانہ سیریل کلر تھا جس نے 1974ء سے 1991ء کے دوران کینساس کے شہر وچٹا اور پارک سٹی کے مکینوں کو اپنی وارداتوں سے خوفزدہ کررکھا تھا۔
نوٹ : یاد رہے کہ یہ رپورٹ جرائم کے واقعے اور اس پر بننے والی دستاویزی پیشکش کے بارے میں ہے، نہ کہ کسی مجرمانہ کردار کی تعریف یا توصیف کے۔
Post a Comment