وزیراعظم اپنا گھر اسکیم : سرکاری اور نجی بینکوں کو اہم ہدایات جاری | Urdu News
وزیراعظم اپنا گھر اسکیم : سرکاری اور نجی بینکوں کو اہم ہدایات جاری
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اورنجی بینکوں کو اپنا گھر اسکیم کامیاب کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف زیرصدارت وزیراعظم اپنا گھر اسکیم پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیرزادہ، احد چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Govt Schemes – Latest News and Updates- ARY News
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت غریب و متوسط طبقے کے لیے "وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم” کا اجرا کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ "اپنا گھر اسکیم” سے متعلق کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مستحق افراد جلد از جلد اپنے گھر کے مالک بن سکیں۔
انہوں نے ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے جامع حکمتِ عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے سرکاری اور نجی بینکوں پر زور دیا کہ وہ اس عوامی فلاحی اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کریں۔
اجلاس کے دوران حکام کی جانب سے اسکیم کے مالیاتی امور اور پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کی فنانسنگ کے لیے بینک اب تک مجموعی طور پر 204 ارب روپے منظور کر چکے ہیں۔
منظور شدہ رقم میں سے اب تک 27 ارب روپے کی فنانسنگ (قرضے) عملی طور پر جاری کی جا چکی ہے۔
اسکیم پر باقاعدگی سے نظر رکھنے کے لیے وزارتِ ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان ہر ہفتے پیشرفت کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے اسکیم کی مانیٹرنگ کے عمل کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت غریب طبقے کو باوقار رہائش کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
Comments
Post a Comment