” اوپن وائی فائی” کا افتتاح ، موبائل صارفین کی بڑی مشکل آسان | Urdu News
” اوپن وائی فائی” کا افتتاح ، موبائل صارفین کی بڑی مشکل آسان
پشاور : ” اوپن وائی فائی” کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ، جس کے تحت تمام سرکاری جامعات اورکالجز میں مفت وائی فائی ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ” اوپن وائی فائی” منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں پشاور کے اہم سرکاری مقامات پر شہریوں کو مفت وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور کے سرکاری اسپتالوں، پبلک ٹرانسپورٹ مقامات، تمام سرکاری جامعات اور کالجوں میں بھی مرحلہ وار مفت وائی فائی فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کو آئندہ مرحلے میں ایبٹ آباد، مردان، سوات اور کوہاٹ تک توسیع دی جائے گی، خیبرپختونخوا 70 سے 80 فیصد ڈیجیٹل گورننس کی جانب پیش رفت کر چکا ہے اور حکومت مرحلہ وار تمام سرکاری خدمات کو پیپر لیس بنا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ نوجوانوں کو روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور نوجوانوں کا ای کامرس کی جانب بڑھتا رجحان خوش آئند ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا کو محدود کرنے کے لیے انٹرنیٹ سست کرنا قابل مذمت ہے، کیونکہ اس سے نوجوانوں اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کو نقصان پہنچتا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نوجوانوں کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کر رہی، جبکہ ضم شدہ اضلاع میں انٹرنیٹ تو درکنار، کئی علاقوں میں موبائل سروس بھی دستیاب نہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت عوام کے ووٹ سے قائم ہوئی ہے اور عوامی خدمت اس کی اولین ترجیح ہے، امید ہے مالی سال 2026-27 خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔
Comments
Post a Comment