آمدنی میں اضافے کیلیے یہ ویڈیو ضرور دیکھیں | Urdu News
آمدنی میں اضافے کیلیے یہ ویڈیو ضرور دیکھیں
موجودہ مہنگائی کے دور میں ہر شخص کم وسائل کی وجہ سے پریشان اور اپنی آمدنی میں اضافے کا خواہشمند ہے اس کیلیے ماہرین نے کچھ تجاویز بیان کی ہیں۔
اے آر وائی نیوز لاہور کے نمائندے الماس خان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ابراہیم امین نے نوجوانوں کو آمدنی میں اضافے کیلیے مفید مشورے دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آمدنی میں اضافے کے لیے اپنے موجودہ کیریئر میں مہارت کو بڑھائیں، نئی ڈیجیٹل اسکلز (جیسے فری لانسنگ، ای کامرس) سیکھیں، آمدنی کے اضافی ذرائع بنائیں اور اپنے ذاتی بجٹ کو بہتر بنا کر غیر ضروری اخراجات کو کم کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران فری لانسنگ کے ذریعے 1.6 ارب ڈالر ملک میں آئے، جس سے آئی ٹی برآمدات کے حکومتی اہداف کے حصول میں نمایاں مدد ملی۔
ابراہیم امین کے مطابق اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بیرون ملک کمپنیوں کی جانب سے پاکستانی فری لانسرز کو براہِ راست ادائیگیوں کا تھا کیونکہ اسٹیٹ بینک کے قوانین کے تحت انفرادی اکاؤنٹس میں اس نوعیت کی رقوم منتقل کرنا آسان نہیں تھا۔
اس مسئلے کے حل کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایک مقامی بینک کے تعاون سے ایسا نظام تشکیل دیا گیا، جس کے بعد بیرون ملک کمپنیوں کے لیے پاکستانی فری لانسرز کو ادائیگیاں ممکن ہوئیں۔
ان کے مطابق سال 2022 میں پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ 450 ملین ڈالر کی دستاویزی فری لانس برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ اس شعبے میں سالانہ بنیاد پر تقریباً 70 فیصد ترقی دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ صرف 4 سال میں فری لانسنگ کی برآمدات 400 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو اس شعبے کی غیر معمولی ترقی کا ثبوت ہے۔
ابراہیم امین کے مطابق پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور اگر حکومت و نجی شعبہ ان کی مناسب رہنمائی اور تربیت کا اہتمام کریں تو ملک فری لانسنگ کے شعبے سے سالانہ 10 ارب ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔
Comments
Post a Comment