بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، خواتین کو آئندہ قسط کیسے ملے گی؟ | Urdu News
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، خواتین کو آئندہ قسط کیسے ملے گی؟
پشاور : چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی کی آئندہ قسط خواتین کسی بھی مجاز ریٹیلر یا بینکنگ ایجنٹ سے رقم وصول کرسکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور کے مولوی امیر شاہ میموریل اسپتال میں قائم بینظیر نشوونما سہولتی مرکز کا اہم دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران انہوں نے ماں اور بچے کی صحت و غذائیت سے متعلق فراہم کی جانے والی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا، دورے کے موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ‘بینظیر نشوونما پروگرام’ ماں اور بچوں کی بہتر صحت اور نشوونما کے لیے ایک انتہائی اہم اور انقلابی منصوبہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی اس وقت ملک کے 1 کروڑ سے زائد مستحق خاندانوں کے اعتماد کا ادارہ بن چکا ہے۔
نہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ پروگرام سے متعلق کسی بھی منفی یا غیر تصدیق شدہ خبر کی اشاعت سے پہلے ادارے سے تصدیق لازمی کی جائے۔
چیئرپرسن نے بی آئی ایس پی کے مالیاتی نظام میں شفافیت لانے کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ادائیگیوں کے نظام کو اب مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹل نظام نافذ ہونے سے ادائیگیوں میں شفافیت بڑھے گی اور مستحقین کو ان کی رقم بغیر کسی کٹوتی کے براہِ راست ملے گی۔
انھوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کی مخصوص ڈیجیٹل سم متعارف کروائی گئی ہے، جو صرف اور صرف مجاز دفاتر سے جاری کی جا رہی ہے، مستحق خواتین کو ‘ڈیجیٹل والٹ’ کے ذریعے ادائیگیوں کی تمام معلومات اور اپڈیٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ آئندہ قسط سے مستحق خواتین کسی بھی مجاز ریٹیلر یا بینکنگ ایجنٹ کے پاس جا کر آسانی سے اپنی رقم وصول کر سکیں گی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے غریب اور مستحق خواتین کو لوٹنے والے عناصر کے حوالے سے کہا بی آئی ایس پی کے نام پر جعلی پیغامات یا فراڈ کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ مستحقین کے حق پر کوئی ڈاکا نہ ڈال سکے۔
Comments
Post a Comment