بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند اس فراڈ سے باخبر رہیں | Urdu News

اشتہار

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند اس فراڈ سے باخبر رہیں

اسلام آباد : بیرون ملک ملازمت کے حصول کے لیے جانے والے پاکستانی فراڈ سے بچیں، کسی کی باتوں میں آکر ٹریول ایجنسیوں کو رقم ہرگز ادا نہ کریں۔

ٹریول ایجنسیوں کا بنیادی کام صرف ٹکٹ بکنگ اور ہوٹل ریزرویشن تک ہوتا ہے اور ان کا بیرون ملک ملازمت یا ورک ویزا دلوانے سے کوئی قانونی تعلق نہیں ہوتا۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرون ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹریول ایجنسیوں کا اوورسیز ملازمت کے ویزوں کے اجرا یا ملازمت دلوانے کے عمل سے کوئی قانونی تعلق نہیں۔

شہری کسی بھی صورت ملازمت کے حصول کے لیے ٹریول ایجنسیوں کو رقم ادا نہ کریں کیونکہ ان کا قانونی دائرہ کار صرف سفری ٹکٹوں کی بکنگ تک محدود ہے۔

overseas job fraud

بیورو کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ محفوظ اور شفاف انداز میں بیرون ملک روزگار کے حصول کے لیے امیدوار صرف فارن جابز پورٹل استعمال کریں، جو بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس پورٹل کے ذریعے امیدوار لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں اور ان سے براہِ راست رابطہ بھی قائم کرسکتے ہیں، جس سے فراڈ اور غیر قانونی بھرتیوں کے خطرات میں نمایاں کمی آتی ہے۔

بیورو نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی ٹریول ایجنسی بیرون ملک ملازمت کے نام پر دھوکا دینے یا غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے کی کوشش کرے تو متاثرہ افراد فوری طور پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں شکایت درج کرائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ بیرون ملک روزگار کے تمام مواقع کی تصدیق صرف سرکاری فارن جابز پورٹل کے ذریعے کریں اور غیر مصدقہ ذرائع یا ٹریول ایجنسیوں کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں۔




Source

Comments

Popular posts from this blog

دہلی میں 19 دن سے جاری بھوک ہڑتال کے بعد سونم وانگچک کی حالت تشویشناک | Urdu News