ہاؤسنگ اسکیموں میں جائیداد کی خرید و فروخت ، الرٹ جاری | Urdu News

اشتہار

ہاؤسنگ اسکیموں میں جائیداد کی خرید و فروخت ، الرٹ جاری

لاہور : تمام ہاؤسنگ اسکیموں میں جائیداد کی خرید و فروخت کے لیے "پراپرٹی سرٹیفکیٹ” کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے تمام ریکارڈ منتقل کرنے کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور کی تمام پبلک اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں جائیدادوں کی خرید و فروخت میں شفافیت لانے اور فراڈ کے خاتمے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ہاؤسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم پر تمام ریکارڈ منتقل کرنے کا الرٹ جاری کر دیا اور اس سلسلے میں 31 اگست 2026 کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ لاہور بھر کی تمام ہاؤسنگ اسکیموں میں جائیداد کی خرید و فروخت کے لیے اب "پراپرٹی سرٹیفکیٹ” کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اب سے کسی بھی پلاٹ یا گھر کی ملکیت کا واحد اور حتمی قانونی ثبوت یہی پراپرٹی سرٹیفکیٹ ہوگا، جس کے بغیر کوئی بھی ٹرانزیکشن قانونی تصور نہیں ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم کو نادرا کے ریکارڈ، ڈیجیٹل میپنگ سسٹمز اور پنجاب کے ای-رجسٹری پورٹل سے لنک کر دیا گیا ہے۔

اس نیٹ ورکنگ کا مقصد پراپرٹی فائلز میں ہونے والے ڈبل الاٹمنٹ کے فراڈ، جعلی دستاویزات اور ملکیت کے تنازعات کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہے۔

پبلک نوٹس میں نجی ہاؤسنگ اسکیموں کے مالکان اور انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 31 اگست 2026 تک اپنی سوسائٹی کی خرید و فروخت اور الاٹمنٹ کا تمام تر ریکارڈ لازمی طور پرپورٹل پر اپ لوڈ کریں۔

مقررہ تاریخ تک ریکارڈ منتقل نہ کرنے والی سوسائٹیز کے خلاف ایل ڈی اے ایکٹ 1975 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس کارروائی کے تحت نااہل سوسائٹیز کے دفاتر کو فوری طور پر سیل کیا جا سکتا ہے اور ان کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں بھی کی جا سکتی ہیں۔

حکومتی ترجمان کے مطابق لاہور کی متعدد بڑی اور اہم نجی ہاؤسنگ اسکیموں نے حکومت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنے تمام پراپرٹی ریکارڈز کامیابی کے ساتھ ہاؤسنگ سوسائٹی مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کر دیے ہیں، جبکہ باقی سوسائٹیز کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔




Source

Comments

Popular posts from this blog

دہلی میں 19 دن سے جاری بھوک ہڑتال کے بعد سونم وانگچک کی حالت تشویشناک | Urdu News