آزاد کشمیر الیکشن: میرپور ڈویژن میں پولنگ کا وقت بڑھا دیا گیا | Urdu News
آزاد کشمیر الیکشن: میرپور ڈویژن میں پولنگ کا وقت بڑھا دیا گیا
چیف الیکشن کمشنر نے میرپور ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹے بڑھا دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی ہدایت پر پولنگ اب میرپور ڈویژن میں شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
ووٹرز کے غیرمعمولی ٹرن آؤٹ کے باعث پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میرپور ڈویژن میں پولنگ پانچ بجے ختم ہونا تھی۔
میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے کچھ حلقوں میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، آئی پی پی اور جماعت اسلامی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ 6 حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 126 امیدوار مدمقابل ہیں۔
یہ پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: میرپور کے 13 حلقوں میں پولنگ شروع
ضلع کے 6 انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے، ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، میرپور میں 597، کوٹلی میں 1107 اور بھمبر میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ایل اے 8 راج محل1 میں 66 انتہائی حساس، 44 حساس، اور 43 نارمل پولنگ اسٹیشنز قرار دیے گئے ہیں، ایل اے 9 کوٹلی 2 میں 113 انتہائی حساس، 63 حساس اور کوئی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں، ایل اے 11 سہنسہ کوٹلی 4 میں 77 انتہائی حساس اور 91 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔
ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑہوئی میں تمام 113 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ایل اے 13 کوٹلی 6 میں 91 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 51 کو حساس اور 51 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوٹلی میں 2 پریزائیڈنگ افسران کے خلاف الیکشن کمیشن نے فوری ایکشن لیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ پریزائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پہنچنے کی بہ جائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے۔ دونوں افسران کو معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر دیے گئے ہیں۔
Comments
Post a Comment