پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ | Urdu News
پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ
اسلام آباد : پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور کاروں کی سیلز 39 فیصد بڑھ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے رپورٹ جاری کردی ، جس میں بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ملک میں کاروں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، جیپوں، پک اپ گاڑیوں، ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زرعی ٹریکٹروں کی فروخت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ مالی سال 2025-26 میں کاروں کی فروخت 39 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 55 ہزار 631 یونٹس تک پہنچ گئی۔
اسی عرصے کے دوران موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مجموعی فروخت 19 لاکھ 72 ہزار 77 یونٹس رہی۔
ماہرین کے مطابق کاروں کی فروخت میں اضافے کی اہم وجوہات صارفین کی قوت خرید میں بہتری، بینکوں کی جانب سے آٹو فنانسنگ کی سہولت میں اضافہ اور گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے نئے ماڈلز متعارف کرانا ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران جیپوں اور پک اپ گاڑیوں کی فروخت 41 فیصد بڑھ کر 50 ہزار 814 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان کی مجموعی فروخت 7 ہزار 439 یونٹس رہی۔
دوسری جانب زرعی شعبے میں مالی سال 2025-26 کے دوران ٹریکٹروں کی فروخت میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور مجموعی فروخت 28 ہزار 791 یونٹس رہی۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے کسانوں کے کم منافع کے باعث زرعی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کا رجحان کم ہوا ہے، جس کے اثرات ٹریکٹروں کی فروخت پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
Comments
Post a Comment