قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، ہم مل کر فتنے کا خاتمہ کریں گے، وزیراعظم | Urdu News
قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، ہم مل کر فتنے کا خاتمہ کریں گے، وزیراعظم
کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ہم مل کر فتنے کا خاتمہ کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار دنوں میں بلوچستان میں سنگین واقعات ہوئے ہیں آج ہم سب بلوچستان میں جمع ہیں پولیس، فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے ہیں اور 54 دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جنگ اس وقت تک جاری رہےگی جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہوجاتا، افواج پاکستان کے جوانوں نے جانیں دی ہیں، یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کوئی شک نہیں فتنے میں ہمارے مشرقی ہمسایہ کا بھرپور ہاتھ ہے، ہمسایہ ملک ہر لحاظ سے پیسہ ، ہتھیار دہشت گردوں کو فراہم کررہا ہے، افواج پاکستان کےجوانوں نےجانیں دی ہیں، پوری قوم افواج پاکستان اور لا اینڈ فورسمنٹ ایجنسی کیساتھ کھڑی ہے۔
یہ پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 54 دہشت گرد ہلاک، 42 جوان شہید
وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح سے اور بھی خارجی ہاتھ ہیں جن کے بارے میں یہاں کہنا نہیں چاہتا، سیاسی اور ملٹری لیڈر شپ کا فیصلہ دہشت گردی کا خاتمہ کرے گا، مخالفین، دہشت گرد اور فتنہ الخوارج کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو عالمی سطح پر بہت عزت سے نوازا ہے، گزشتہ سال مئی میں معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم فتح سے ہمکنار کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان انشااللہ پھر خوشحالی کا گہوارہ بنے گا، اللہ تعالیٰ شہدا کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
Comments
Post a Comment