ملک میں 500 پیٹرول پمپس کے بارے میں انوکھا انکشاف | Urdu News
ملک میں 500 پیٹرول پمپس کے بارے میں انوکھا انکشاف
اسلام آباد : ملک میں 500 پیٹرول پمپس کے بارے میں قائم مقام اوگرا نے انوکھا انکشاف کرتے ہوئے کہا تمام پمپس نہ دسمبر میں چلے نہ جنوری فروری میں، لیکن اچانک مارچ اپریل میں انہوں نے ہزاروں لیٹر تیل بیچ دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے قائم مقام چیئرمین نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں 500 ایسے پٹرول پمپس کی نشاندہی ہوئی ہے جو پورا سال بالکل غیر فعال (ڈیڈ) رہے لیکن ایک مخصوص وقت میں اچانک متحرک ہو گئے۔
قائم مقام چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا کہپ یہ 500 پٹرول پمپس نہ تو دسمبر میں چلے اور نہ ہی جنوری اور فروری میں ان پر کوئی سیل ریکارڈ کی گئی۔ تاہم جیسے ہی مارچ اور اپریل کا مہینہ آیا، ان پمپس نے اچانک ہزاروں لیٹر پٹرول اور ڈیزل فروخت کر ڈالا، جس سے ریگولیٹرز کے شکوک و شبہات بڑھ گئے۔
اوگرا انتظامیہ نے ان پمپس کی حقیقت اور روٹین چیک کرنے کے لیے جب ان سے بجلی کے بل طلب کیے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کیا وہ واقعی چل رہے تھے یا نہیں، تو تمام پمپس مالکان کی جانب سے ایک جیسا اور انتہائی انوکھا جواب سامنے آیا۔
قائم مقام چیئرمین نے بتایا کہ تمام پٹرول پمپس نے جواب دیا کہ "ہم سب سولر سسٹم پر منتقل ہو چکے ہیں اور ہمارا واپڈا کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے”۔
اوگرا حکام اس معاملے کی مزید باریک بینی سے جانچ پڑتال کر رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ان پمپس کے ذریعے سستا یا اسمگل شدہ تیل سفید کرنے کی کوشش تو نہیں کی جا رہی تھی۔
Comments
Post a Comment