لاہور : ماں اور3 بچوں کی پراسرار اموات، زہر کس نے دیا؟ ہوشربا انکشافات | Urdu News

اشتہار

لاہور : ماں اور3 بچوں کی پراسرار اموات، زہر کس نے دیا؟ ہوشربا انکشافات

لاہور میں امریکا سے آنے والے ایک ہی خاندان کے 3 بچوں اور ان کی والدہ کی پراسرار اموات کی تحقیقات میں ہونے والے انکشافات نے واقعے کا رخ موڑ دیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا سے یکم جولائی کو پاکستان آنے والے ایک ہی خاندان کے 3 بچوں اور ان کی والدہ کی پراسرار اموات کے کیس میں پولیس نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج، فرانزک شواہد اور دیگر ثبوتوں کی مدد سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ خاندان لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں کرائے کے مکان میں مقیم تھا، ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا گیا کہ گھر کے سربراہ ناصر ڈوگر واردات کے وقت گھر سے باہر گروسری لینے گئے ہوئے تھے، تاہم پولیس نے ان کے بیانات اور سی سی ٹی وی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ ناصر ڈوگر شام تقریباً 6 بج کر 10 منٹ پر ایک اسٹور میں داخل ہوئے اور تقریباً ایک گھنٹہ 47 منٹ بعد خریداری مکمل کرکے واپس گھر پہنچے۔ فوٹیج میں انہیں گھر میں داخل ہوتے اور بعد ازاں ہمسایوں کی اطلاع پر باہر آتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ناصر ڈوگر کے گھر پہنچنے کے چند منٹ بعد ان کی اہلیہ نے انہیں آئس کریم کھانے کی پیشکش کی لیکن انہوں نے پانی مانگا۔

اسی دوران ایک ہمسائے نے گھر کی گھنٹی بجا کر اطلاع دی کہ پچھلی گلی میں ایک بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ گھر کے عقب میں تینوں بچے بے ہوش حالت میں پڑے ہیں، جبکہ کچھ دیر بعد والدہ بھی شدید متاثر ہو کر دم توڑ گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کے مطابق بچوں کو کمرے سے گھسیٹ کر واشنگ ایریا میں منتقل کیا گیا تھا، جبکہ وہاں موجود کھانے، آئس کریم، حلوہ، ایک ٹوٹے ہوئے شیشی نما برتن اور دیگر اشیا کے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں چاروں اموات کی وجہ زہریلا مادہ قرار دی گئی ہے، تاہم پولیس کے مطابق یہ تعین ہونا ابھی باقی ہے کہ زہر خود کھایا گیا یا کسی نے کھلایا؟ اس سلسلے میں فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ اور فنگر پرنٹس کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

تحقیقات کے دوران ایک پہلو یہ بھی زیر غور ہے کہ آیا متاثرہ خاتون نے خود بچوں کو زہر دیا اور بعد میں خود بھی زہریلی چیز کھائی، یا پھر پورے واقعے میں کسی اور کا کردار ہے۔

دوسری جانب مقتولہ کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون کو مبینہ طور پر گھریلو تشدد کا سامنا تھا، جبکہ شوہر کا مؤقف ہے کہ ان کی اہلیہ ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام دعوؤں کی مختلف شواہد کی بنیاد پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق حتمی حقائق فرانزک، پوسٹ مارٹم اور دیگر تفتیشی رپورٹس مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے، اس لیے کسی بھی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



Source

Comments

Popular posts from this blog

دہلی میں 19 دن سے جاری بھوک ہڑتال کے بعد سونم وانگچک کی حالت تشویشناک | Urdu News