"اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام میں 2 نئی کیٹیگریز متعارف ، اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خوشخبری | Urdu News
"اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام میں 2 نئی کیٹیگریز متعارف ، اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خوشخبری
لاہور : "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے دو نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت اضافی منزل تعمیر کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ جیسے سانحات کی روک تھام کے لیے "اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس مقصد کے لیے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے دو نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کمزور چھتوں والے خستہ حال گھروں کی مرمت اور مضبوطی کے لیے مستحق خاندانوں کو 5 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ گھروں پر اضافی منزل تعمیر کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد خاندانوں کے لیے بلاسود قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے۔ منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 217 ارب 80 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 27 ہزار 500 سے زائد گھر تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اس اسکیم کے لیے 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد خاندانوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی نئی کیٹیگری تین روز کے اندر عوام کے لیے متعارف کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بحران کے وقت بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہی اچھی حکمرانی کا ثبوت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی دو ہزار بے گھر خاندانوں کو مفت پلاٹ فراہم کر چکی ہے اور اب انہیں گھر کی تعمیر کے لیے قرض بھی دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر کے لیے قرض کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے، کمزور چھتوں والے گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے حکومتی معاونت یقینی بنائی جائے اور غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کے تمام فلیگ شپ منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
Comments
Post a Comment