نوجوان ‘ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ’ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ شرائط سامنے آگئیں | Urdu News
نوجوان ‘ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ’ کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ شرائط سامنے آگئیں
لاہور : 16 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کی فیس اور شرائط سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی وژن کے تحت نوجوانوں کے لیے ایک بہت بڑا اور اہم اقدام اٹھایا گیا، اب صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں نوجوانوں کو موٹرسائیکل چلانے کے لیے 18 سال کی عمر تک پہنچنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
حکومت نے 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کے لیے قانونی طور پر ‘جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ’ (Juvenile Permit) کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
اس نئے فیصلے کے تحت 16 سے 18 سال تک کی عمر کے نوجوان مقررہ قانونی شرائط پوری کرنے کے بعد سڑکوں پر موٹرسائیکل چلانے کے مجاز ہوں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر (CTO) لاہور نے بتایا کہ جوونائل پرمٹ کے لیے عمر کے لحاظ سے فیس مقرر کی گئی ہے، 16 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے پرمٹ فیس 1000 روپے اور 17 سے 18 سال: اس عمر کے نوجوانوں کے لیے فیس 500 روپے رکھی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ نوجوانوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے رفتار پر سخت پابندی ہوگی، اور پرمٹ ہولڈرز موٹرسائیکل کو 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ تیز نہیں چلا سکیں گے۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کم عمر ڈرائیورز کی حفاظت اور قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے والدین یا قانونی گارڈین (سرپرست) کی اجازت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے آنے والے نوجوان اپنے والدین یا قانونی گارڈین کو لازمی ساتھ لائیں۔
اس کے علاوہ، والدین یا گارڈین کو اپنے شناختی کارڈ کی کاپی اور نوجوان کی ایک عدد پاسپورٹ سائز تصویر بھی ساتھ لانی ہوگی۔
Comments
Post a Comment