موبائل ایپ کے ذریعے 1 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک کا قرضہ! خواتین کے لیے بڑی خبر آگئی | Urdu News
موبائل ایپ کے ذریعے 1 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک کا قرضہ! خواتین کے لیے بڑی خبر آگئی
کراچی: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے’’خود مختار خاتون‘‘ فنانسنگ پروڈکٹ کی منظوری دے دی، خواتین 1 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک کی اثاثہ فنانسنگ حاصل کر سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق خواتین کے کاروبار کیلئے ایس ای سی پی کی نئی ڈیجیٹل فنانسنگ سہولت متعارف کرادی گئی۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے خواتین کی کاروباری خودمختاری کو فروغ دینے کے لیے ایک انقلابی ڈیجیٹل فنانسنگ سہولت کا اعلان کردیا۔
ایس ای سی پی نے باقاعدہ طور پر ’’خودمختار خاتون‘‘ فنانسنگ پروڈکٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
اس نئی پالیسی کے تحت کاروباری خواتین اپنے کاروبار کو شروع کرنے یا اسے بڑھانے کے لیے 1 لاکھ روپے سے لے کر 15 لاکھ روپے تک کی اثاثہ فنانسنگ حاصل کر سکیں گی۔
یہ فنانسنگ خاص طور پر کاروباری مشینری، ضروری سامان اور دیگر کاروباری اثاثوں کی خریداری کے لیے دستیاب ہوگی تاکہ خواتین کو سرمائے کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایس ای سی پی کے مطابق یہ فنانسنگ پروڈکٹ مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شریعہ کمپلائنٹ کے مطابق ہے، خواہشمند خواتین کو کسی دفتری چکر یا طویل کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ ’’حکیم‘‘ (Hakeem) موبائل ایپ کے ذریعے براہِ راست فنانسنگ کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گی۔
حاصل کی گئی رقم کو ایک سال کی مدت کے دوران مساوی ماہانہ اقساط کے ذریعے آسانی سے واپس کیا جا سکے گا۔
ایس ای سی پی نے ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ لسٹڈ نان بینکنگ فنانس کمپنیوں ے جولائی سے دسمبر 2025 کے دوران مجموعی طور پر 111 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی ہے۔
اس 6 ماہ کے عرصے میں ملک بھر کے تقریباً 75 لاکھ مائیکرو اور چھوٹے کاروبار این بی ایف سیز کی فنانسنگ سے مستفید ہو چکے ہیں، اور اب "خودمختار خاتون” پروڈکٹ کے ذریعے خواتین انٹرپرینیورز کو اس نیٹ ورک کا بڑا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں
Comments
Post a Comment